29 اکتوبر 2026 - 21:42
ایپسٹین کی رسوائی ٹرمپ کا پیچھا نہیں چھوڑتی + ویڈیو

امریکہ کے درمیانی مدت کے انتخابات کے موقع پر اوہائیو ریاست میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی تقریر دو افراد کے احتجاج کی وجہ سے خلل سے دوچار ہو گئی۔ ان دو افراد نے جیفری ایپسٹین سے ٹرمپ کے ماضی کے تعلق پر اعتراض کیا، جو جنسی جرائم میں سزا یافتہ مجرم تھا۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ـ بدھ 28 اکتوبر کو اوہائیو ریاست کے شہر چلیکوتھی (Chillicothe) میں اپنے انتخابی جلسے کے دوران تقریر شروع ہونے کے صرف چند منٹ بعد ـ حاضرین کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔

احتجاج کرنے والے ایک شخص نے نعرہ لگایا کہ "ٹرمپ جیفری ایپسٹین کے جہاز پر سوار ہؤا ہے!" اور چیخ چیخ کر اس کی تقریر میں خلل ڈالا اور اس کے بعد ایک اور شخص نے بھی احتجاج کیا۔ سیکورٹی فورسز نے احتجاجیوں کو جلسہ گاہ سے باہر نکال دیا۔

ٹرمپ نے ان احتجاجیوں کے جواب میں دعویٰ کیا کہ اس نے برسوں پہلے ایپسٹین کو اپنے مار-اے-لاگو (Mar-a-Lago) کلب سے نکال باہر کیا تھا!

ٹرمپ نے احتجاجیوں کو اجرتی قرار دیا جو اس کی تقریر میں خلل پیدا کرنے کے لئے پیسے وصول کرتے ہیں۔

ٹرمپ نے ایپسٹین کے سیاسی روابط کا حوالہ دیتے ہوئے ڈیموکریٹس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ احتجاج ایسے وقت میں سامنے آیا جب ٹرمپ اور جنسی جرائم میں سزا یافتہ امریکی سرمایہ کار ایپسٹین کے ماضی کے تعلق پر امریکی سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے۔

ایپسٹین کے طیارے کی پروازوں کے دستاویزات کے بارے میں پہلے شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق، ٹرمپ کا نام 1993 سے 1996 کے درمیان اس کے طیارے کی کئی پروازوں کے ریکارڈ میں درج ہے۔ یہ رپورٹس ٹرمپ کے 2024 کے اس بیان سے متصادم ہیں کہ وہ کبھی ایپسٹین کے طیارے پر سوار نہیں ہؤا ہے۔

ٹرمپ نے تنقید کے جواب میں بارہا ایپسٹین سے اپنے تعلق کے خاتمے کے دعوے کئے ہیں اور کہتا رہا ہے کہ اس نے اس کیس کے وسیع پہلوؤں کے سامنے آنے سے پہلے ہی اس سے اپنا رشتہ ختم کر دیا تھا۔ تاہم، دونوں کے ماضی کے تعلقات کی تفصیلات اب بھی میڈیا اور ٹرمپ کے ناقدین کی توجہ کا مرکز ہیں۔

ایپسٹین کے ساتھ ٹرمپ کے تعلق کو ایسے وقت میں نمایاں کیا گیا ہے کہ امریکہ کے انتخابات 3 نومبر کو ہو رہے ہیں؛ ایسے انتخابات جن میں حکومت کی اقتصادی کارکردگی، زندگی کی بڑھتی ہوئی لاگت اور واشنگٹن کی خارجہ پالیسی جیسے مسائل انتخابی مسابقت کا مرکزی محور بنے ہوئے ہیں۔

اوہائیو کے جلسے میں احتجاج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایپسٹین کیس اب بھی ٹرمپ کے انتخابی منصوبوں میں خلل ڈالنے اور متنازعہ صورتحال پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

ایپسٹین کی رسوائی ٹرمپ کا پیچھا نہیں چھوڑتی + ویڈیو

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha